وفاقی وزارت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اقلیتی کمیشن پاکستان کی جانب سے شری سادھو بیلا تیرتھ استھان سکھر میں ہولی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ۔ ہولی فیسٹیول کے مہمان خصوصی چیٸرمین قومی اقلیتی کمیشن پاکستان چیلا رام کیولانی رہے۔ ہولی فیسٹیول میں رکن قومی اقلیتی کمیشن پاکستان ڈاکٹر جٸپال چھابڑیہ، رکن پاکستان ہندو کونسل کرمچند تھاورانی، سیاسی سماجی شخصیات، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ، سندھ کے مختلف اضلاع کی ہندو پنچاٸتوں سمیت تمام مکھی صاحبان نے بھی شرکت کی ۔ چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے اور اس میں بسنے والی تمام مذاہب اس گلدستے کے پھول ہیں۔ پاکستان کی ترقی میں باقی مذاہب کے لوگوں کے ساتھ ساتھ ہندو برادری کا بھی اہم کردار ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے تہواروں کو منانے میں حکومت وقت کا خاص تعاون حاصل ہے جس پر حکومت کا دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان میں شب بارات ہو یا دیوالی شب معراج ہو یا ہولی یا پھر ایسٹر تمام پاکستانی چاہے وہ مسلمان ہوں سکھ ہوں پارسی ہوں مسیحی ہوں یا کسی بھی مذہب سے ان کا تعلق ہو وہ ایک دوسرے کی خوشیوں اور دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں۔چیلا رام کیولانی نے مزید کہا کہ آج اس فیسٹیول مں موجود علماء حضرات سکھ بھاٸی میرے مسیحی بھاٸی اس بات کا پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی موجود ہے۔ میں آپ تمام مہمانوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہماری دعوت پر وقت نکالا اور ہماری خوشیوں میں شریک ہوئے۔ فیسٹیول میں پاکستان کے نامور فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن سے ہولی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیے ۔ چیلا رام کیولانی نے آۓ ہوۓ مہمانوں کو ہولی کے رنگ لگاۓ اور کیک کاٹا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہولی کے رنگ ہماری زندگیوں میں خوشیاں بھر دیتے ہیں میری یہی دعا ہے کے ہمیشہ پاکستان بھی امن ترقی خوشحالی اور مذہبی ہم آہنگی کے رنگوں میں رنگا رہے ۔