رسول معظم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی عظیم سنتیں
ہمارے پیارے نبی محترم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کے لئے کامیاب زندگی گزارنے کا عظیم عملی نمونہ ہے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے معاملات زندگی اتنے شفاف تھے کہ مشرکین مکہ بھی آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کو صادق اور امین کہتے تھے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمدلی اور نرم طبیعت کے اپنے پرائے سب معترف تھے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے کیے ھوئے فیصلوں پر سب راضی ھو جاتےتھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارے فرائض میں یہ بات شامل ہے کہ ہم اللّٰہ تعالیٰ کا بے حد شکر ادا کریں کہ اس نے ہمیں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی بنایا اور ہمیں چاہیئے کہ اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ رسول پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی پیروی کریں اور اپنی زندگیوں کو ان تعلیمات کے مطابق بنانے کی کوشش کریں۔ یہ اسی وقت ممکن ہو پائے گا جب ہم اپنے پیارے رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت مبارک پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ اہم بات ہے کہ ہم ہر وقت اللّہ پاک کی عنایتوں اور رحمتوں کے منتظر رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کی یہ رحمتیں اور عنایتیں اسی وقت ہمارے ساتھ ہوں گی جب ہم اپنے نبی مکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ درج زیل کچھ سنت مبارکہ ایسی ہیں جن پر ہر وقت عمل کر کے نہ صرف ھم اچھے مسلمان بن سکتے ہیں بلکہ اپنے معاشرہ کو ایک بہترین معاشرہ بنا سکتے ہیں مثلا" سب کو سلام کہنا، صبح سویرے جلدی اٹھنا، رات کو جلدی سونا، مسواک کرنا، صبح کے وقت تیز قدموں سے سیر کرنا، ہر کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا، ہر کام دائیں ہاتھ سے کرنا، رفع حاجت کے وقت بائیں ہاتھ کا استعمال کرنا، دائیں طرف کروٹ کر کے سونا، پانی بیٹھ کر پینا، گھر میں سب کے ساتھ مل کر دسترخوان پر کھانا کھانا خاص طور پر والدین کے ساتھ کھانا کھانا،کھانے سے قبل ہاتھ دھونا اور تولیے یا کپڑے سے خشک نہ کرنا، بھوک رکھ کر کھانا، لقمہ چبا کر کھانا، اپنے سامنے سے کھانا کھانا، لقمہ گر جائے تو اسے صاف کر کے کھا لینا، کھانے میں نقص نہ نکالنا، کھانے کے بعد الحمدللّٰہ کہنا، سبزیوں کا استعمال کرنا، برتن ڈھانپ کر رکھنا خاص طور پر رات کو سونے سے پہلے برتن کو ڈھانپ کر رکھنا، رات کو روشنی بجھا کر سونا، کپڑے جرابیں بستر جھاڑ کر استعمال کرنا، سفید لباس پہننا، بیت الخلاء میں جاتے وقت سر ڈھانپنا، جسم اور گھر کی صفائی رکھنا، ناخن کاٹنا، جمائی آنے پر منہ پر ہاتھ رکھنا، سب کو معاف کر کے سونا، دو ناراض بھائیوں میں صلح کروانا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا، غریب ہمسائے کا خیال رکھنا، گھر والوں کی مدد کرنا، سلام میں پہل کرنا، درگزر کرنا، سب کے لئے آسانیاں پیدا کرنا، بیماروں کی عیادت کرنا اور ان کا خیال رکھنا، یتیموں کا خیال رکھنا بیواؤں کا خیال رکھنا، کمزوروں کا خیال رکھنا، پھلدار سایہ دار دونوں قسم کے پودے لگانا،
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، آئیں دعا کرتے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کو ان کا بہترین امتی بننے کی توفیق عطا فرمائے، آمین